سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان ایوانِ صنعت و تجارت سیالکوٹ کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہیلپ ڈیسک صنعتکاروں کو صوبائی محکموں سے رابطے اور مسائل کے حل کے لیے ون ونڈو سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صنعتکاروں اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان فوکل آفیسر کے طور پر کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:خوشاب روڈ عزیز بھٹی ٹاؤن کے قریب کار، موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشے میں خوفناک تصادم
اویس مشتاق نے بتایا کہ صنعتی یونٹس کے معائنے کے لیے متعلقہ محکمے مشترکہ انسپکشن کریں گے، تاکہ صنعتکاروں کو بار بار کی کارروائی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی یونٹس کے وزٹ اور انسپکشن کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی نظام متعارف کرانے پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق نئے صنعتی یونٹس کے قیام، زمین سے متعلق معاملات اور این او سیز کے حصول میں بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خاور حسین سپال نے سپاسنامہ پیش کیا اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صولت وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز میاں سرمد حسین، سینئر نائب صدر اسد نصیر ملک، نائب صدر چودھری جہانگیر رشید اور سابق صدور ماجد رضا بھٹہ، انجینئر خاور انور خواجہ، فیضان کپور اور ارشد لطیف بٹ بھی موجود تھے۔











