لاہور(پنجاب پوسٹ)ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے منہالہ گاؤں کے علاقے میں غیر قانونی اور غیر مجاز بجلی کنکشن منظور کرنے اور بے ضابطگیوں کے الزام میں لیسکو شالیمار ڈویژن کے افسران اور ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ایکسین شالیمار، ایچ ڈی ایم محمد وسیم اور صحافی کالونی کے لائن سپریٹنڈنٹ راشد شامل ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق کاشف علی کے نام پر منظور شدہ 36 کلوواٹ بجلی کنکشن کی تنصیب میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔ ایف آئی اے کی ٹیکنیکل ٹیم نے موقع کا معائنہ کرکے ان بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی۔
ایف آئی آر کے مطابق منظور شدہ اسکیم میں 11 کے وی لائن کو باؤنڈری وال کے ساتھ نصب کیا جانا تھا، تاہم منظور شدہ نقشے کے برعکس صارف کی حدود کے اندر 11 کے وی لائن کے دو اسپینز نصب کیے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صارف کی حدود میں 11 کے وی کے دو اسٹیل پولز بھی لگائے گئے۔ موقع پر نصب 11 کے وی لائن کی الائنمنٹ منظور شدہ نظرثانی شدہ نقشے سے بھی مختلف پائی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق لیسکو تنصیب میں 50 کے وی اے ٹرانسفارمر اور دو اے ٹی بی بھی نصب کیے گئے۔ منظور شدہ تخمینے میں چار 11 کے وی اسٹیل اسٹرکچرز درکار تھے، جبکہ موقع پر تین نصب کیے گئے۔
مقدمے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ 11 کے وی لائن کی تنصیب کے لیے لیسکو کے ایس او پی کے مطابق اجازت موجود نہیں تھی۔ اس کے علاوہ صارف کی حدود سے گزرنے والی 11 کے وی لائن میں ڈھیلا ساگ بھی پایا گیا، جسے حفاظتی خطرہ قرار دیا گیا ہے۔











