فیصل آباد(پنجاب پوسٹ)نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ کل سے فیصل آباد میں شروع ہوگا۔ افتتاحی روز انوِنسیبلز کا مقابلہ چیلنجرز سے جبکہ کنکررز کا سٹارز سے ہوگا۔ دونوں میچز صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔
ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیموں کی 75 کھلاڑی شریک ہوں گی، اور ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ دفاعی چیمپئن سٹارز کی قیادت طوبیٰ حسن کریں گی، جبکہ گزشتہ ایڈیشن کی رنرز اپ انوِنسیبلز کی کپتان گل فیروزہ ہوں گی۔ چیلنجرز کی قیادت عائشہ ظفر اور کنکررز کی کپتانی منیبہ علی کریں گی۔ سٹرائیکرز کی قیادت قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کے سپرد ہے۔
ٹورنامنٹ ڈبل لیگ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 21 میچز ہوں گے۔ ٹاپ دو ٹیمیں 25 اکتوبر کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی، جو اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 30 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ فاتح ٹیم کو 15 لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ فائنل پاکستان میں ٹَیپ میڈ اور تماشا پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔













