لاہور(پنجاب پوسٹ) سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے روزانہ کی بنیاد پر جنرل ہولڈ اپ کرنے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک افسران کو ماحولیاتی آلودگی کے سدباب اور اسموگ کنٹرول کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے ریت اور مٹی لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں اور ڈمپرز کے خلاف مقررہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔سی ٹی او لاہور کے مطابق ریت اور مٹی کی ترسیل کے دوران ترپال کور اور پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے سے گردوغبار میں اضافہ ہوتا ہے، جو فضائی آلودگی اور اسموگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بار بار ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے این او سیز اور پرمٹس معطل یا منسوخ کروانے کے لیے متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا جائے۔ بغیر ڈرائیونگ لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹ اور منظور شدہ نمبر پلیٹ کے ریت بردار گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔سی ٹی او لاہور نے دھول اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کو بھی مؤثر مانیٹرنگ میکنزم تشکیل دینے کی سفارش کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عوامی تحفظ، ماحول کے تحفظ اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے ریت بردار گاڑیوں کے خلاف مربوط اور مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر بغیر ترپال ریت اور مٹی لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ستمبر اور اکتوبر کے دوران دھواں چھوڑنے والی اور بغیر ترپال مٹی و ریت لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف مجموعی طور پر 62 ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد فضائی آلودگی میں کمی، شہریوں کی صحت کا تحفظ اور سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین اور متعلقہ ایس او پیز پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔











