سیالکوٹ(پنجاب پوسٹ)میں اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن اور مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے نائب امیر رانا شفیق خان پسروری کے بھائی کے ڈیرے پر فائرنگ کے مقدمے کو پولیس نے ٹریس کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈیرے پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ڈیرے کے گیٹ پر گولیوں کے 8 نشانات پائے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے اس کا فوری نوٹس لیا اور ڈی ایس پی پسرور کو ملزمان کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک سونپا۔
پولیس ٹیم نے سیف سٹی اور دیگر مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لے کر ملزمان کے فرار کا راستہ ٹریس کیا۔ اس کے بعد شواہد کے تجزیے اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں شاہ زیب، اسماعیل خان اور عبدالرحمٰن عرف سونو شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ واقعے کی وجہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تلخ کلامی اور ذاتی رنجش تھی۔ ملزمان کے کردار اور واقعے کے دیگر پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او دوست محمد نے اس حساس مقدمے کو ٹریس کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے تحفظ اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ قانون ہاتھ میں لینے اور خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔











