شیخوپورہ (پنجاب پوسٹ) صفدرآباد پولیس کی بڑی کاروائی مردار گوشت لاہور کے ہوٹلوں میں سپلائی کرنے کی مبینہ کوشش ناکام کر دی گئی اور تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق اہلکار دورانِ گشت معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اس دوران ایک مشکوک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں دو بھینسیں مردہ حالت میں موجود پائی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں موجود مردہ جانوروں کا گوشت لاہور لے جایا جا رہا تھا، جہاں اسے مبینہ طور پر ہوٹلوں میں سپلائی کرکے فروخت کیا جانا تھا۔ پولیس کے مطابق مردار گوشت کی مقدار تقریبا 1200سو کلو سے زائدبتائی جا رہی ہے۔
کارروائی کے بعد صفدرآباد پولیس نے تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جبکہ مبینہ طور پر گوشت کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مردہ جانور فروخت کرنے والے افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔











