پنجاب کے مزارات کے چندہ باکسز کی آمدن میں محکمہ اوقاف نے 100 گنا اضافہ کیسے کیا؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب اوقاف بورڈ کا اجلاس پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر منعقد ہوا، جس میں آٹھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات پر رکھے گئے کیش باکسز کی آمدن میں 100 گنا اضافے پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں داتا دربار ہسپتال میں پرنسپل میڈیکل آفیسر اور سینئر میڈیکل آفیسر کی آسامیوں کے لیے سروس رولز کی منظوری دے دی گئی، جبکہ ہسپتال میں مفت ٹیسٹوں کی سہولت اور نرسنگ ہاسٹل سے متعلق پالیسیاں بھی منظور کر لی گئیں۔ خاتم النبیین یونیورسٹی کے کانفرنس ہال کے استعمال پر فیس وصولی کی پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔

پنجاب حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق اوقاف آرگنائزیشن کے ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں ساڑھے تین فیصد اضافے کی منظوری بھی دی گئی۔ بورڈ اجلاس میں اوقاف آرگنائزیشن کے دیگر مالیاتی اور انتظامی امور کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن افسران اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات ثابت ہو چکے ہیں، ان کے کیسز محکمہ اینٹی کرپشن کو بھجوائے جائیں گے۔ اوقاف کی اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کے لیے جاری مہم مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جو قرآن کمپلیکس میں قائم خاتم النبیین یونیورسٹی میں کلاسز جلد شروع کرنے کے معاملات کا جائزہ لے گی۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کو ہر قسم کی کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کیا جائے گا۔ کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائیوں کی بدولت مزارات پر رکھے گئے کیش باکسز کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوقاف کی تمام اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرائی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے اوقاف کی بنجر اراضی کو قابل کاشت بنانے کے لیے پلان طلب کر لیا، جبکہ داتا دربار ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری کے منصوبے پر تیزی سے کام آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات اور مساجد کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام تیزی سے جاری ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ایجنڈا آئٹمز اور ادارے میں کی جانے والی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور اوقاف آرگنائزیشن کی آمدن بڑھانے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ اوقاف کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل جاری ہے، جس کی تکمیل سے محکمانہ امور میں مزید شفافیت آئے گی۔

اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور بورڈ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

این اے 77 انتخابات دھاندلی، مرکزی مسلم لیگ نے ویڈیو ثبوت میڈیا کے سامنے رکھ دیئےمرکزی مسلم لیگ جیت چکی،نتائج مسترد، تمام فورمز پر جائیں گے،حق لے کر رہیں گے، فیصل ندیم عظمیٰ بخاری پروپیگنڈہ کر رہی،شکست سے خوفزدہ ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکارہے، ترجمان مرکزی مسلم لیگ

Read More »

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے