پنجاب کے ہر گاؤں، ہر شہر کو مہکتا اور چمکتا دیکھنا چاہتی ہوں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پورے صوبے میں یکساں گملے اور ایک جیسے پودے لگانے کے احکامات دے دیے

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز (پی ایچ اے) قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے ہر شہر، قصبے اور گاؤں کو سرسبز و شاداب بنانے، خالی جگہوں پر درخت اور پھولدار پودے لگانے اور صوبے بھر میں یکساں ڈیزائن کے پلانٹرز اور گملے رکھنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے بھر میں شجرکاری، پارکس کی بحالی اور خوبصورتی کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے ہی فعال ہیں، جبکہ مزید 11 اضلاع میں نئی پی ایچ اے قائم کر دی گئی ہیں۔ مزید 20 اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام کے لیے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دوسرے مرحلے میں پنجاب کی ہر تحصیل میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔ ہر تحصیل، شہر اور گاؤں کی سطح پر مرحلہ وار شجرکاری اور پھولدار پودے لگانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے موسم کے مطابق پھولدار پودے اگانے کے لیے ماہانہ پلان مرتب کرنے کا حکم دیا۔ ہر ضلع میں پی ایچ اے کے زیر انتظام ان ہاؤس نرسری بھی قائم کی جائے گی، جہاں سے شجرکاری اور موسمی پھولوں کے لیے سستے پودے فراہم کیے جائیں گے۔

پی ایچ اے کے لیے 2 ہزار 820 تکنیکی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری بھی دے دی گئی۔ ہر ضلع میں مینیجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر اور تکنیکی عملہ بھرتی کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہر ڈسٹرکٹ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کا ریسورس پلان طلب کرتے ہوئے پی ایچ اے افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے کلیدی کارکردگی اشاریے (کے پی آئیز) تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں پی ایچ اے فوڈ کورٹ کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی، جبکہ پی ایچ اے کے عملے اور گاڑیوں کی یکساں برانڈنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں سی کیٹیگری کے تمام پارکس بحال کر دیے گئے ہیں۔ ہر پی ایچ اے کو شہری علاقوں کی خوبصورتی بہتر بنانے، پارکس کی تزئین و آرائش اور گرین بیلٹس کی بحالی کا ہدف دیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق موسم اور سیزن کے لحاظ سے ہر ضلع میں معیاری شجرکاری اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے۔ خیابانِ جناح میں بوگن ویلیا، عطا بخش روڈ پر بانس اور دیگر سڑکوں پر املتاس کے درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں میری گولڈ کی تینوں اقسام کے رنگا رنگ پھول اگائے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گھروں میں کام کرنے والے پی ایچ اے ملازمین کو دفاتر واپس بلانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ صوبے بھر کے شہروں میں یکساں ڈیزائن کے پلانٹرز اور گملے رکھے جائیں گے تاکہ شہری علاقوں میں خوبصورتی اور یکسانیت پیدا کی جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ پنجاب کے ہر شہر، ہر قصبے اور ہر گاؤں کو درختوں اور پودوں سے سجا ہوا اور پھولوں سے مہکتا دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ درخت لگانا کارِ ثواب بھی ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کا ذریعہ بھی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے