تحریک انصاف نے تختیوں کی سیاست کی ،ہم عوام کی تقدیر بدل رہے ہیں،اعظمیٰ بخاری

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کی جانب سے کیے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے "اپنی چھت اپنا گھر” منصوبے کے تحت گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کی لائیو ویڈیو جاری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ جن گھروں کو پی ٹی آئی اپنی سیاسی ملکیت قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے، ان میں رہنے والے اصل مستحقین کی گواہی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی نے بہت جہالت دکھا لی، اب ذرا حقیقت بھی جان لے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے لوگوں کے سامنے کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں، بلکہ ایک عام پاکستانی خاندان کا خواب حقیقت بن کر کھڑا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ اگر یہ صرف پی ٹی آئی دور کے بنے ہوئے گھر تھے تو پھر 214,302 بلا سود قرضے کس نے جاری کیے؟ انہوں نے مزید پوچھا کہ 278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد کے بلاسود قرضوں کی رقم کس نے فراہم کی؟

عظمیٰ بخاری نے منصوبے کی پیش رفت کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک لاکھ 20 ہزار 753 گھر مکمل کیسے ہوئے اور 60 ہزار 464 گھر آج بھی تعمیر کے مرحلے میں کیسے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے گھروں کو اپنی سیاسی ملکیت ثابت کرنے کی کوشش شاید سوشل میڈیا پر چل جائے، مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تختیوں کی سیاست نہیں بلکہ عوام کو اپنی چھت دینے کا عملی منصوبہ ہے۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جن کے پاس دکھانے کو کارکردگی نہیں ہوتی، وہ دوسروں کے بنے گھروں کی کہانیاں گھڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈا جتنا مرضی کر لیں، گھر تو آخر گھر ہی ہوتا ہے، اور گھر کی چابی جس خاندان کے ہاتھ میں ہو، اصل گواہی بھی اسی کی ہوتی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے