لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ترجمان کو یہ معلوم نہیں کہ صوبوں میں این ایچ اے کے علاوہ اپنی سڑکیں بھی ہوتی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی اپنی سڑکیں 80 ہزار کلومیٹر ہیں، جن میں سے وزیراعلیٰ مریم نواز 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنوا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اپنی سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے مزمل اسلم کو اس بارے میں معلوم نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزمل اسلم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا دل بہلاتے ضرور ہیں لیکن مجال ہے جو شرمندہ ہوتے ہوں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے رہائشی ڈولیوں پر لٹکتے ہیں۔
یاد رہے کہ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز صاحبہ! پنجاب میں ڈھائی سال میں 45 ہزار کلومیٹر سڑکیں بنانے کا دعویٰ حیران کن ہے۔ پاکستان کا پورا نیشنل ہائی وے نیٹ ورک تقریباً 14,480 کلومیٹر ہے، پنجاب میں 45 ہزار کلومیٹر سڑکیں کیسے بن گئیں؟











