لاہور(پنجاب پوسٹ)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 9 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے۔ سیریز کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور دونوں ٹیمیں میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔پی سی بی کے مطابق قومی ٹیم کا اسکواڈ آج اسلام آباد میں رپورٹ کرے گا۔قومی ٹیم اپنا پہلا ٹریننگ سیشن کل راولپنڈی میں کرے گی۔
سری لنکا کی ٹیم بھی اپنی تیاریوں کا آغاز آج شام سے کرے گی۔ پی سی بی کے مطابق سری لنکا کے 8 کھلاڑی اور 5 آفیشلز اتوار کی رات راولپنڈی پہنچے، جبکہ مزید 5 کھلاڑی پیر کو پہنچے تھے۔ مزید پانچ کھلاڑی آج شام راولپنڈی پہنچیں گے، جس کے بعد سری لنکا کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ آج مکمل ہو جائے گا۔
شیڈول کے مطابق تینوں میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ تمام میچز شام 6 بجے شروع ہوں گے، جبکہ ٹاس 5 بجکر 30 منٹ پر ہوگا۔
دونوں ٹیمیں 7 اور 8 اکتوبر کو ٹریننگ کریں گی۔ 8 اکتوبر کو سیریز سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے۔ پریس کانفرنس سے پہلے وہ کوشل مینڈس ٹرافی کی رونمائی بھی کریں گے۔












