لاہور(پنجاب پوسٹ)عالمی یوم رہائش کے موقع پر پنجاب کو خصوصی اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 19 سال کے طویل عرصے کے بعد پنجاب ایک مرتبہ پھر یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آنر ایوارڈ میں سرفہرست آ گیا ہے۔ صوبے کا منصوبہ "اپنی چھت، اپنا گھر” اس عالمی ایوارڈ میں ٹاپ پوزیشن پر رہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آج عالمی یوم رہائش کے موقع پر عمان کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سنٹر میں منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ وصول کریں گی۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ ورلڈ بیسٹ لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ "اپنی چھت، اپنا گھر” دنیا میں نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی پہچان بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ کم آمدن رکھنے والے خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہے اور اس کے ذریعے غریب افراد کو چھت کی نعمت مل رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریکارڈ مختصر مدت میں 2 لاکھ سے زائد افراد اس پروگرام کے تحت قرض حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پروگرام کے تحت 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ہدف ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ پروگرام عام آدمی کے اپنے گھر کے خواب کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم رہائش پر ہر مستحق خاندان کو چھت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محفوظ، باعزت اور معیاری رہائش ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور یہ حق اسے ضرور ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں:15سال کی جدائی ختم ، 2011 میں خاندان سے بچھڑی عابدہ "میرا پیارا” ٹیم نے کیسے تلاش کی ؟











