15سال کی جدائی ختم ، 2011 میں خاندان سے بچھڑی عابدہ "میرا پیارا” ٹیم نے کیسے تلاش کی ؟

لاہور (پنجاب پوسٹ)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی "میرا پیارا” ٹیم کی کوششوں سے 15 سال قبل لاہور میں اپنی والدہ سے بچھڑ جانے والی عابدہ کو اس کے خاندان سے ملوا دیا گیا۔ پندرہ سال کی طویل جدائی کے بعد عابدہ کو اس کے سگے ماموں کے حوالے کر دیا گیا۔

ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق عابدہ 2011 میں اپنی والدہ کے ہمراہ لاہور آئی تھی، جہاں وہ ان سے بچھڑ گئی۔ لاپتہ ہونے کے بعد اسے ایدھی ہوم لاہور منتقل کر دیا گیا، جبکہ اس کے خاندان کی تلاش جاری رہی۔

عابدہ اپنے گھر اور خاندان کے بارے میں بہت محدود معلومات رکھتی تھی اور صرف ضلع وہاڑی کا نام بتا پاتی تھی۔ اسی بنیاد پر سیف سٹی "میرا پیارا” ٹیم نے ایدھی ہوم کا دورہ کیا اور عابدہ کا تفصیلی انٹرویو ریکارڈ کیا۔

ٹیم نے عابدہ کے خاندان کی تلاش کے لیے فیلڈ ورک کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی مہم چلائی۔ عابدہ کا انٹرویو "میرا پیارا” کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز پر شیئر کیا گیا۔ یہ ویڈیو دیکھ کر عابدہ کے سگے ماموں نے "میرا پیارا” ٹیم سے رابطہ کیا۔

عابدہ کے ماموں نے 2011 میں تھانہ ہنجروال میں درج کرائی گئی گمشدگی کی رپورٹ بھی ٹیم کو فراہم کی۔ ٹیم نے دستیاب معلومات اور گمشدگی کی رپورٹ کی بنیاد پر خاندان کی تصدیق کا عمل مکمل کیا۔

ضروری تصدیق مکمل ہونے کے بعد عابدہ کو ایدھی انتظامیہ کے ذریعے اس کے سگے ماموں کے حوالے کر دیا گیا۔ یوں سیف سٹی "میرا پیارا” کی کوششوں سے 15 سال کی جدائی ختم ہوئی اور عابدہ دوبارہ اپنے خاندان تک پہنچ گئی۔

گمشدہ یا بچھڑے افراد کی تلاش کے لیے شہری 15 پر کال کر کے 3 دبائیں یا 0309-0000015 پر رابطہ کریں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے