اسلام آباد (پنجاب پوسٹ)سری لنکا کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سری لنکا کا پہلا دستہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جہاں آمد کے بعد کھلاڑی اور آفیشلز سیریز کی تیاریاں شروع کریں گے۔
13 رکنی اس دستے میں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے آٹھ ارکان کے ساتھ پانچ ٹیم منیجمنٹ آفیشلز بھی شامل ہیں۔ پاکستان پہنچنے والے کھلاڑیوں میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کوشال مینڈس، داسن شناکا، مہیش تھیکشانا اور ایشان ملنگا شامل ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں کمینڈو مینڈس، لاہیرو اڈارا، چمندو وکرمسنگھے اور ڈونیتھ ویلالاگے بھی پہلے دستے کا حصہ ہیں۔سری لنکا کے ہیڈ کوچ، دو کھلاڑی اور دو دیگر آفیشلز کل اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسی طرح ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے بقیہ پانچ کھلاڑی منگل کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
شیڈول کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 9 سے 13 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔












