لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے عثمان انور پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اور متعلقہ ڈائریکٹرز سے جواب طلب کرلیا کہ ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کیوں نہ شروع کی جائے۔ عدالت نے پنجاب بھر میں دائر درخواستوں اور انکوائریوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار اسماعیل نے انکوائری کی تبدیلی سے متعلق عدالتی حکم پر عمل نہ ہونے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ سے واضح ہے کہ توہینِ عدالت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کو دو سال گزر گئے مگر انکوائری نہیں ہوسکی، اور ایف آئی اے کی غفلت کے باعث ہی معاملہ عدالت تک پہنچا۔؎
چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ اپنی تعیناتی سے اب تک انہوں نے ایف آئی اے کو کمپیوٹرائزڈ کیوں نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ ایف آئی اے کے معاملات عدالتوں تک پہنچ رہے ہیں، لوگوں کے پاس یہی ایک فورم ہے، اگر یہاں سے بھی شنوائی نہ ہو تو لوگ کہاں جائیں؟ انہوں نے کہا کہ عدالت دیکھنا چاہتی ہے کہ معاملات میں کہاں گڑبڑ ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے عثمان انور نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے بعد شاید اور سرفراز ڈائریکٹر ایف آئی اے رہے۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اور سرفراز تو ذمہ دار ہیں ہی، مگر آپ نے تعیناتی کے بعد کیا اقدامات کیے؟
ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کو عملے کی کمی کا سامنا ہے اور اس کے 140 اہلکار اب بھی این سی سی آئی اے کے پاس ہیں۔ ان کے مطابق این سی سی آئی اے کو بھی انہی مسائل کا سامنا ہے۔
بعد ازاں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیس کی مزید سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔














