لاہور (پنجاب پوسٹ) مانگا منڈی میں شیخاں والا قبرستان کو جانے والی خستہ حال سڑک کی تعمیر کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔شہری شیخ محمد لطیف شاہد نے احمد عبداللہ ڈوگر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا ہے۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ شیخاں والا قبرستان جانے والی سڑک کئی سال سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ بارش کے دوران یہ سڑک دلدل کی شکل اختیار کر لیتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو، خصوصاً تدفین اور قبرستان آنے جانے کے موقع پر، شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قبرستان تک رسائی کیلئے پختہ سڑک کی تعمیر عوامی اہمیت کا معاملہ ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ سڑکوں اور شہری انفراسٹرکچر کی تعمیر مقامی حکومت کی ذمہ داری ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت مانگا منڈی میں شیخاں والا قبرستان جانے والی سڑک کی تعمیر کے احکامات جاری کرے۔ ساتھ ہی عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کو درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا جائے۔














