لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی زیر صدارت کھلی کچہری میں شہریوں نے مختلف مسائل اور شکایات ہیش کیں۔ جہاں انہوں نے مختلف ایس ایچ اوز اور متعلقہ تھانوں کی پولیس کو مقدمہ درج کر کے فوری ایکشن لینے کا حکم دیا۔
کھلی کچہری میں ایک شہری نے بتایا کہ اسے او ایل ایکس پر موبائل کی خریداری مہنگی پڑ گئی،آن لائن رقم ادا کرنے کے باوجود بھی موبائل نہ ملا۔جس پر شہری ملزم کی گرفتاری کے لیے کچہری میں پہنچ گیا۔جہاں فیصل کامران نے ایس ایچ او ڈیفنس سی کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔
اسی طرح ایک خاتون نے سسرال کی جانب سے گھریلو تشدد کی شکایت کا مقدمہ درج کیا جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او باٹا پورہ کو تشدد ثابت ہونے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس تحویل میں شہری کی ہلاکت، پانچ ملزمان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
پھر اسی طرح بہن کا بھائی کے خلاف وراثتی جائیداد میں حصہ نہ دینے کی شکایت کی جس پر ایس ایچ او نواں کوٹ کو دونوں پارٹیوں میں مصالحت کروانے کی ہدایت کی۔
شہری نے موٹرسائیکل چوری کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود موٹرسائیکل برآمد نہ ہونے کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او گڑھی شاہو کو موٹرسائیکل تلاش کرنے کی ہدایت کردی۔
اسی طرح شہری نے کیری ڈبہ فروخت کرنے کے باوجود رقم نہ ملنے کی شکایت کی۔ فیصل کامران نے ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن کو شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کا حکم دیا۔
ایک شہری نے مقدمے سے دستبردار ہونے کے لیے دھمکیاں ملنے کی شکایت کی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او بادامی باغ کو شہری کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
خاتون سائلہ نے سسرالیوں پر جہیز واپس مانگنے پر چوری کا الزام لگانے کی شکایت بھی پیش کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مصطفی آباد کو معاملے کی تصدیق کرکے اسے حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ وہ ہفتے کے چھ روز اپنے دفتر میں کھلی کچہری لگاتے ہیں، جبکہ اتوار کے روز آن لائن کھلی کچہری کے ذریعے شہری براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔














