لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے وکیل کے بھائی کے قتل میں ملوث ایس ایچ او للیانی حسن عمران کی درخواست ضمانت خارج کردی۔ جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی ضمانت خارج کی۔
ضمانت خارج ہوتے ہی پولیس نے ایس ایچ او حسن عمران کو ہتھکڑیاں لگا دیں، تاہم احاطہ ہائیکورٹ میں موجود وکلا نے ملزم کو دھر لیا۔ بھاری پولیس سکیورٹی کے باوجود وکلا نے ملزم ایس ایچ او پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کردی۔
ہائیکورٹ سکیورٹی نے ملزم کو وکلا سے چھڑا کر سکیورٹی روم منتقل کردیا، بعد ازاں ملزمان کو تھانہ پرانی انارکلی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ واقعے کے دوران وکلا کی بڑی تعداد احاطہ ہائیکورٹ میں موجود رہی۔
یہ بھی پڑھیں: گواہوں کے بیانات میں تضاد ، سکول کے بچے کا چھری سے گلا کاٹنے والا ملزم بری
وکلا کے مطابق ایف آئی اے نے کیس کی تفتیش کے دوران پولیس ملازمین کو گناہگار قرار دیا۔ وکلا کا کہنا ہے کہ پانچ پولیس ملزمان میں سے پانچ گرفتار جبکہ دو مفرور ہیں۔
وکلا کے مطابق وکیل کے بھائی کو گرفتار کرکے ایک ہی روز میں چار مقدمات درج کیے گئے تھے۔ وکلا کا کہنا ہے کہ کسٹوڈیل ٹارچر ایکٹ کے تحت ایف آئی اے نے کیس کی تحقیقات کیں۔









