لاہور (پنجاب پوسٹ) اپٹما اور ایگزم بینک کے درمیان نرم فنانسنگ کے ذریعے ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانے کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی۔ ایگزم بینک نے نئے منصوبوں اور موجودہ پلانٹس کی بی ایم آر کے لیے نرم قرضے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ایگزم بینک کے صدر و سی ای او شہباز ایچ سید نے اپٹما اراکین کو برآمدی مالیاتی سہولیات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایگزم بینک کی مراعاتی شرحِ سود برآمدکنندگان کی مالی مشکلات کم کرے گی۔ انہوں نے ٹیکسٹائل سیکٹر کی قرض درخواستیں پندرہ دن میں نمٹانے کا یقین بھی دلایا۔
چیئرمین اپٹما اسد شفیع نے کہا کہ ٹیکسٹائل و اپیرل صنعت پاکستان کی برآمدات میں 60 فیصد سے زائد حصہ ڈالتی ہے۔ ٹیکسٹائل سیکٹر کو مسابقت اور برانڈز کے لیے مضبوط ادارہ جاتی معاونت درکار ہے۔
اسد شفیع نے کہا کہ اپٹما اور ایگزم بینک کا قریبی رابطہ برآمدات پر مبنی ترقی میں مدد دے گا۔ آؤٹ گوئنگ چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے ایگزم بینک کی برآمدی فنانسنگ کے عملی نفاذ کو سراہا۔
اپٹما اراکین نے کہا کہ بالواسطہ برآمدکنندگان کو بھی مالی سہولیات دی جائیں کیونکہ ٹیکسٹائل ایک مربوط صنعت ہے۔ ویلیو چین کے ہر مرحلے پر مشینری کی اپ گریڈیشن کے بغیر برآمدات نہیں بڑھ سکتیں۔









