لاہور (پنجاب پوسٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور اپٹما کے تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کا حصول ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ برآمدات بڑھانا اور ملکی صنعت کو فروغ دینا ہماری ترجیح ہے۔
محسن نقوی نے لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہر ممکن تعاون کے لیے حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے متعدد دورے کیے، وہاں ہر چیز مقامی طور پر تیار کی جاتی ہے، پاکستان میں بھی زیادہ سے زیادہ مصنوعات ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ ہونی چاہئیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ ہمارا نعرہ ہے، ملکی صنعت اور مقامی پیداوار کو فروغ دینا ہوگا۔ ہمیں ترقی کرنے والے دیگر ممالک کے تجربات اور نظام سے سیکھنا چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک کا نظام ری سیٹ ہونے جا رہا ہے، اس سے معاملات میں بہتری آئے گی۔ بزنس پاسپورٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو درپیش ہر قسم کی مشکلات کے حل کے لیے ہمہ وقت حاضر ہوں۔









