لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈیفنس سی میں غیر ملکی خاتون سے اجتماعی زیادتی کے مقدمے کا معمہ حل ہوگیا، انویسٹی گیشن پولیس نے کیس میں خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم تاحال مفرور ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق 22 سالہ ڈیانا باکو، آذربائیجان کی رہائشی ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون سے زیادتی کا مقدمہ نمبر 2446/26 مورخہ 26 ستمبر 2026 کو تھانہ ڈیفنس سی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں جبکہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے تفتیش کی براہ راست نگرانی کی۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزمان ڈیانا کو ایک نجی سوسائٹی کے فلیٹ میں لے گئے، جہاں اس سے اجتماعی زیادتی کی گئی۔ بعد ازاں ملزمان لڑکی کو گاڑی میں رنگ روڈ پر لے کر پھرتے رہے اور ڈیفنس فیز 8 غازی انٹرچینج کے قریب اسے اتار کر فرار ہوگئے۔ ملزمان غیر ملکی خاتون کا پرس اور موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق ایک راہ گیر نے غیر ملکی لڑکی کو دیکھ کر ایمرجنسی 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد کارروائی شروع کی گئی۔ ڈیانا کا میڈیکل کروایا گیا جبکہ متاثرہ خاتون اور ملزمان کے سویپ فرانزک سائنس لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزمان کو ہیومن انٹیلیجنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے جرم کا اعتراف کیا ہے جبکہ ایک ملزم تاحال روپوش ہے، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔
سید ذیشان رضا کے مطابق گرفتار ملزمان سے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے اور غیر ملکی خاتون سے زیادتی کے کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے مضبوط چالان مرتب کیا جائے گا جبکہ خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔













