لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پی ایم یو میں اجلاس ہوا، جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک نے 51 شہروں میں جاری سکیموں پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ ”مریم نواز کا سوہنا پنجاب“ پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔
ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ میونسپل سہولیات کی فراہمی کیلئے اتنے بڑے پیمانے پر اقدامات پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ ماسٹر پلاننگ کے ذریعے ہر شہر میں زیر زمین واٹر ٹینکس کیلئے مقامات منتخب کئے گئے ہیں۔
وزیر بلدیات نے بتایا کہ الحمداللہ اب تک 110 میں سے 96 زیر زمین واٹر ٹینکس مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ واٹر ٹینکس، ڈرینز اور ڈسپوزل سٹیشنز کا مربوط نیٹ ورک بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے چند شہروں کے سوا کہیں بھی سیوریج کا پائیدار سسٹم نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی شکل میں میگا پراجیکٹ کی منظوری دی۔
وزیر بلدیات پنجاب کے مطابق 51 شہروں کیلئے 124 میں سے 106 ڈرینز مکمل کی جاچکی ہیں۔ اگلے مرحلے میں 25 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر پر کام شروع ہوگیا ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ ان شہروں کو نئی سکشن مشینیں اور ڈی سلٹنگ یونٹس بھی فراہم کئے گئے ہیں۔













