سیالکوٹ: رواں سال تقریباً 60 ہزار شکایات رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، ماہانہ اوسطاً 7 ہزار شکایات موصول ہو رہی ہیں، صوبائی محتسب پنجاب

سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ) صوبائی محتسب پنجاب عائشہ حامد نے ایوانِ صنعت و تجارت سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے صوبائی محتسب پنجاب کے ادارے کی 30 سالہ کارکردگی، اصلاحات اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

عائشہ حامد نے کہا کہ محتسب پنجاب نے گزشتہ 30 سال کے دوران عوام کو بلا معاوضہ انصاف اور شکایات کے ازالے کی سہولت فراہم کی جبکہ کم وسائل رکھنے والے اور کمزور آواز کے حامل شہریوں کے مسائل کے حل میں ادارے نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

صوبائی محتسب پنجاب کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شکایات کے ازالے کے عمل کو مزید شفاف، تیز اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ شکایات کی رجسٹریشن اور کارروائی کو ان ہاؤس ڈیجیٹل سسٹم سے مربوط کر دیا گیا ہے جبکہ شکایات کے ازالے اور ڈیٹا سیکیورٹی کے نظام کو بھی مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

عائشہ حامد نے بتایا کہ 2024 میں صوبائی محتسب پنجاب کو 33 ہزار 377 شکایات موصول ہوئیں جبکہ 2025 میں آگاہی اور رسائی کی مہم کے نتیجے میں تقریباً 73 ہزار شکایات سنی گئیں۔ 2025 میں زیرِ التوا تقریباً 22 ہزار شکایات کو مؤثر اقدامات کے ذریعے کم کرکے 26 تک لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال تقریباً 60 ہزار شکایات رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اور ماہانہ اوسطاً 7 ہزار شکایات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ سال کے اختتام تک شکایات کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

صوبائی محتسب پنجاب نے بتایا کہ ادارے کے 39 دفاتر کو آئی ایس او 9001 سرٹیفکیشن حاصل ہو چکی ہے۔ عوام کو دہلیز تک سہولت کی فراہمی کے لیے موبائل وین کے ذریعے ڈور ٹو ڈور سروس بھی شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1050 کا دائرہ کار وسیع کیا گیا ہے جبکہ ہر ریجنل آفس میں دو خواتین افسران و عملے کے ارکان کو آپریشنل ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

عائشہ حامد کا کہنا تھا کہ عوامی شکایات کا فوری، شفاف اور بلا معاوضہ ازالہ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ ادارے کا مقصد شہریوں کو مؤثر، شفاف، قابلِ رسائی اور معیاری سروس فراہم کرنا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے