لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی ریلیف ویژن کے تحت شہریوں کو فوری انصاف اور ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی قیادت میں ان کی تعیناتی کے دوران 63 ہزار 734 شہریوں کی براہِ راست شنوائی کی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے دفتر میں 767 کھلی کچہریاں لگائی گئیں، جبکہ 298 غریب و نادار شہریوں کو مفت قانونی رہنمائی فراہم کی گئی۔ کھلی کچہریوں میں آنے والے 32 شہریوں کی مالی معاونت بھی کی گئی۔
جمعہ کے روز مساجد میں بھی کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ حکام کے مطابق 82 فیصد شہریوں نے کھلی کچہریوں سے اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اوکاڑہ تھانہ کینٹ کی حدود میں مبینہ قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی بیٹے کے ہاتھوں ماں قتل
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ بلا سفارش اور بلا امتیاز کارروائی سے میرٹ پر مبنی پولیسنگ کو فروغ دیا گیا۔ شکایات کے فوری ازالے سے جرائم کی بروقت نشاندہی اور مؤثر کنٹرول ممکن ہوا جبکہ براہِ راست شنوائی سے شہریوں کو فوری ریلیف ملا۔
انہوں نے کہا کہ قانون شکنی اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے۔ کھلی کچہریاں عوامی اعتماد اور مؤثر پولیسنگ کا اہم ذریعہ بن چکی ہیں۔









