لاہور(پنجاب پوسٹ)ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ای پی اے پنجاب نے لاہور میں مختلف مقامات پر فیلڈ کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں میں تعمیراتی سائٹ اور باربی کیو پوائنٹس کا معائنہ، کاہنہ میں فضائی آلودگی کے ذریعے کی نشاندہی، کچرا جلانے کے خلاف اقدامات اور سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف کریک ڈاؤن شامل تھا۔
گلبرگ میں تعمیراتی سائٹ کا معائنہ: ڈی جی ای پی اے پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور علی اعجاز کے ہمراہ گلبرگ میں ایک تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دیکھا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران مقررہ ایس او پیز اور ماحولیاتی معیارات کی پابندی کی جا رہی ہے یا نہیں۔ آلودگی کی روک تھام کے لیے کیے گئے انتظامات اور ماحولیاتی اقدامات پر عمل درآمد کی بھی جانچ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سموگ تدارک مہم: ماہ ستمبر میں کریک ڈاون کے دوران 215% اضافہ
قصوری روڈ پر باربی کیو پوائنٹس کا دورہ: بعد ازاں ڈی جی ای پی اے اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے قصوری روڈ، گلبرگ میں مختلف باربی کیو پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ وہاں متعلقہ ایس او پیز اور ماحولیاتی تقاضوں کی تعمیل کا جائزہ لیا گیا۔کاہنہ میں اے کیو آئی میں اضافہ اور کچرے کی آگ: کاہنہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) بڑھنے پر ای پی اے ٹیم نے علاقے کا دورہ کیا اور فضائی آلودگی کے ممکنہ مقامی ذریعے کی نشاندہی کی۔ رنگ روڈ کے قریب موضع طور وڑائچ میں ستھرا پنجاب کی ویسٹ ڈسپوزل سائٹ پر بڑے پیمانے پر کچرا جلتا پایا گیا۔
ٹھوس کچرا جلنے سے اٹھنے والے شدید دھوئیں نے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یہی دھواں کاہنہ میں بلند اے کیو آئی کی ممکنہ وجوہات میں شامل ہے۔آگ بجھانے کی کارروائی: کچرے کی آگ بجھانے کے لیے ریسکیو 1122 کی معاونت سے کارروائی جاری ہے، جبکہ ستھرا پنجاب کی مشینری بھی اس عمل میں مدد کر رہی ہے۔ ای پی اے لاہور متاثرہ مقام اور دھوئیں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ دھوئیں کے ذریعے پر قابو پانے اور گردونواح کی فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
سمن آباد میں ممنوعہ پولی تھین بیگز کے خلاف کارروائی: سنگل یوز پلاسٹک ضوابط کی خلاف ورزی پر ای پی اے لاہور فیلڈ آفس نے سمن آباد میں کارروائی کی۔ شاہ کمال روڈ پر واقع گلانی پلاسٹک گودام سے 1,250 کلوگرام ممنوعہ پولی تھین بیگز ضبط کیے گئے۔ ضبط شدہ بیگز کی موٹائی 75 مائیکرون سے کم تھی، جو مقررہ معیار کی خلاف ورزی ہے۔ ضوابط کی خلاف ورزی پر گودام کو سیل کر دیا گیا۔ یہ کارروائی ایکو واچ کے ذریعے مانیٹرنگ کے بعد عمل میں لائی گئی۔ای پی اے حکام کے مطابق ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور صاف ماحول کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔












