لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ٹریفک پولیس نے شہر کو ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے محفوظ رکھنے کے لیے جاری مہم کو مزید تیز کر دیا ہے۔ ماہ ستمبر کے دوران سموگ تدارک مہم میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق ستمبر 2026 میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 10 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔ ماہ اگست کے مقابلے میں ستمبر کے دوران کارروائیوں میں 215 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جنوری کے مقابلے میں یہ اضافہ 1149 فیصد رہا۔

یہ بھی پڑھیں:گوجرانوالہ: سموگ آلودگی کے خلاف ضلعی انتظامیہ، تحفظ ماحولیات ایجنسی کا گرینڈ آپریشن
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ بغیر لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے کمرشل گاڑیوں کا شہر میں داخلہ مکمل طور پر بند ہے۔ اسی طرح ریت، مٹی اور دیگر تعمیراتی سامان بغیر ترپال کے لے جانے والی گاڑیوں کو بھی شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر جنرل ہولڈ اپ کیا جا رہا ہے اور کمرشل گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ جاری ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق متعلقہ ایس پیز اور ڈی ایس پیز خود کریک ڈاؤن کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کارروائیوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
سموگ کے پیش نظر فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے۔

سی ٹی او لاہور نے کمرشل ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ لائسنس، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات اپنے ہمراہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔











