لاہور(پنجاب پوسٹ)پاکستان کی ماحولیاتی کارکردگی میں نمایاں بہتری سامنے آئی ہے، جس کے بعد پاکستان 2026 کے عالمی ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس میں 22 درجے بہتری کے ساتھ 179ویں سے 157ویں نمبر پر آگیا ہے۔
پاکستان کا ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس میں اسکور 29.03 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارت 177 ممالک کی فہرست میں 176ویں نمبر پر موجود ہے، یوں پاکستان ماحولیاتی کارکردگی کے اعتبار سے بھارت سے 19 درجے آگے ہے۔ ییل سینٹر فار انوائرنمنٹل لا اینڈ پالیسی کی جانب سے جاری کیے گئے 2026 کے ماحولیاتی کارکردگی انڈیکس میں 177 ممالک کو 47 مختلف ماحولیاتی اشاریوں کی بنیاد پر جانچا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں مون سون کی آخری بارشیں، نواں اسپیل کتنے روز جاری رہے گا ،کتنی برسات ہوگی؟
رپورٹ میں پاکستان کی ماحولیاتی کارکردگی میں بہتری کے حوالے سے پنجاب میں کیے جانے والے ماحولیاتی اقدامات کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب میں فضائی آلودگی کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے سموگ سیزن سے قبل آلودگی پھیلانے والی صنعتوں، بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، جبکہ ریئل ٹائم ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اور فضائی آلودگی کی پیش گوئی کا نظام بھی فعال ہے۔
اس کے علاوہ ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں اور مختلف مارکیٹوں میں انسپیکشنز جاری ہیں، جبکہ گرین اسکول سرٹیفیکیشن پروگرام کے ذریعے ماحولیاتی تعلیم اور عملی اقدامات پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ تاہم عالمی درجہ بندی میں بہتری کے باوجود پاکستان کو فضائی آلودگی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ماحولیاتی انتظام کے حوالے سے اہم چیلنجز کا سامنا برقرار ہے۔









