لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا ہے اور کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں کینٹ ڈویژن پولیس نے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر مختلف مقامات پر چیکنگ کے دوران تین منشیات فروشوں کو منشیات کی سپلائی دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت خان بہادر، کامل اور رفاقت مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 04 کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ آن لائن ذرائع سے منشیات منگواتے تھے اور پھر مختلف علاقوں میں لوکیشن پر جا کر سپلائی کیا کرتے تھے۔
ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر بھر سے منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پولیس پرعزم ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔














