لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شہر میں پتنگ فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ داتا دربار اور شاہدرہ کی چوکی بیگم کوٹ پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں پتنگوں اور ممنوعہ ڈور کی سپلائی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر لاکھوں روپے مالیت کی 550 تیار پتنگیں اور 30 ممنوعہ ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئیں۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے اس حوالے سے تفصیلات بتائیں۔پولیس کے مطابق داتا دربار پولیس نے کارروائی کے دوران خفیہ طور پر پتنگ فروشی میں ملوث ملزم عقیل کو گرفتار کیا۔ ملزم کی گاڑی سے 550 پتنگیں برآمد کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام پورہ پولیس کا منشیات اور پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاون 5 ملزمان گرفتار
دوسری کارروائی چوکی یوسف شہید بیگم کوٹ پولیس نے کی، جس میں ملزم خلیل کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کار میں چھپا کر کیمیکل ڈور کی چرخیاں لے جا رہا تھا۔ تلاشی کے دوران 30 چرخیاں برآمد ہوئیں۔ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ ملزمان پابندی کے باوجود پتنگوں کی خرید و فروخت کا دھندہ کر رہے تھے۔ ملزمان پتنگوں کی ترسیل کے لیے اپنی گاڑی اور لوکل ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے تھے۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے پتنگ فروشی کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او داتا دربار اور انچارج چوکی بیگم کوٹ سمیت پوری ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پتنگ بازی و فروشی کے حوالے سے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔














