لاہور (پنجاب پوسٹ) سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات نے صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار، نیٹنگ اور پکڑ دھکڑ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایک جنگلی سور، متعدد پرندے اور 22 نیٹنگ گیئرز ضبط کیے گئے۔ 14 ملزمان کو مجموعی طور پر ساڑھے 6 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 2 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔
راولپنڈی میں کتوں کے ساتھ جنگلی سور کے غیر قانونی شکار پر 8 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن سے جنگلی سور برآمد کرکے 3 لاکھ 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ بازیاب جنگلی سور کو کارروائی کے بعد قدرتی مسکن میں آزاد کردیا گیا۔
فیصل آباد میں فالکن کی غیر قانونی نیٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار جبکہ 2 ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ کارروائی میں نیٹنگ گیئر اور کبوتر برآمد ہوئے، ملزم کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
ڈی جی خان میں فالکن کے غیر قانونی شکار پر 4 ملزمان گرفتار کرکے 2 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ کے 12 گیئرز ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔
بہاولپور اور بہاولنگر میں بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ کیلئے نصب 5 گیئرز ضبط کیے گئے۔ جہلم میں جنگلی طوطوں کی غیر قانونی نیٹنگ پر ایک شکاری گرفتار کرکے جال اور طوطا برآمد کیا گیا، گرفتار شکاری کو 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ بازیاب طوطے کو قدرتی ماحول میں آزاد کردیا گیا۔
بھکر میں بٹیر کی غیر قانونی نیٹنگ کے 2 گیئرز ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی، جبکہ میانوالی میں بٹیر کی نیٹنگ کا گیئر، جال، پولز، 2 بیٹریاں، 2 ٹیپ ریکارڈرز اور 3 اسپیکرز ضبط کیے گئے۔









