لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی 171 پاکستانیوں کو لیبیا سے برآمد کیا گیا ہے، یہ تمام افراد ہوائی سفر کے ذریعے لیبیا پہنچے تھے۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق پاکستان کے ایک خاص حصے کے لوگ زیادہ تر بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ افراد ملائیشیا، تھائی لینڈ یا عمرے کے ویزے پر جاتے ہیں اور بعد ازاں لیبیا سے برآمد ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہائیکورٹ نے آف لوڈنگ کا ایک پورا پراسس بنا کر دیا ہے، آف لوڈنگ کرتے وقت مسافروں کو پوری وجوہات بتائی جاتی ہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص بزنس ویزے پر جا رہا ہو اور اسے اپنے سفر یا کاروبار سے متعلق کچھ پتہ ہی نہ ہو تو صورتحال واضح ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آف لوڈنگ پاکستان کی کل آبادی کا 0.25 فیصد ہے، جبکہ آف لوڈنگ کے لیے الگ کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں تاکہ پہلے جانچ پڑتال کی جاسکے۔













