لاہور (پنجاب پوسٹ)مستی گیٹ پولیس نے ایک نجی دکان پر کام کرنے والے ملازم کو مالک کا مال چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ برسوں کی وفاداری کا دعویٰ کرنے والا ملازم پیسوں کے لالچ میں اپنے ہی مالک کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچاتا رہا۔
پولیس کے مطابق مستی گیٹ کی ایک نجی دکان سے لاکھوں روپے مالیت کی لیڈیز شالیں غائب ہو رہی تھیں۔ ملزم باز خان چوری کے کپڑوں سے بھرے شاپر اٹھا کر لے جا رہا تھا کہ دکان کے مالک نے اسے دیکھ لیا۔ مالک نے روکنے کی کوشش کی تو ملزم شاپر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔
تاہم ناکے پر موجود مستی گیٹ پولیس نے ملزم کو فوری طور پر پکڑ لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 35 ہزار روپے مالیت کی لیڈیز شالیں اور ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد کر لی۔
دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ مختلف اوقات میں دکان سے مال چوری کرتا رہا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او مستی گیٹ سمیت پوری ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔









