پنجاب کے 6 اضلاع میں کیتھ لیبز میں امراض دل میں مبتلا 7ہزار 294 مریضوں کا علاج، 8 اضلاع میں نومبر، 7 اضلاع میں فروری تک کیتھ لیب بنیں گی، مریم نواز شریف

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ قلب پر دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاط اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دل کے امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاط علاج سے بہتر ہے، طرزِ زندگی میں صحت مند تبدیلی ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیب اور کارڈیالوجی سنٹرز کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔

مریم نواز شریف کے مطابق پنجاب کے 6 اضلاع میں قائم کیتھ لیبز میں امراضِ قلب میں مبتلا 7 ہزار 294 مریضوں کے کامیاب پروسیجر کیے گئے۔ جہلم، جھنگ، وہاڑی، قصور، میانوالی اور بہاولنگر کی کیتھ لیبز میں 4 ہزار 448 مریضوں کی انجیو گرافی جبکہ 2 ہزار 763 افراد کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔

وزیراعلیٰ کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کی کیتھ لیب میں دو مریضوں کو کامیابی سے عارضی پیس میکر بھی لگائے گئے۔ 8 اضلاع میں نومبر جبکہ 7 اضلاع میں فروری تک کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت تمام دل کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کے لیے فری میڈیسن، فری سٹنٹ اور فری بائی پاس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ کلینک آن وہیلز اور فیلڈ ہسپتالوں میں بلڈ پریشر اور شوگر کی مفت سکریننگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ سے جنک فوڈ اور سگریٹ نوشی سے پرہیز کی اپیل بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ہر ڈویژن میں سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ خواتین میں دل کے امراض سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے اور سکولوں میں بچوں کی ہارٹ ہیلتھ اور جسمانی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مریم نواز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب کے ہر شہری کو دل کے امراض سے محفوظ اور صحت مند زندگی فراہم کریں گے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے