لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈرگ انسپکٹرز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کے لیے انہیں باڈی کیمرے فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ یہ فیصلہ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے 303ویں اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کی۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری کیپٹن (ر) محمد اورنگزیب، ایڈیشنل سیکرٹری قلندر خان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز محمد سہیل، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر معیز، ڈی جی ڈرگ کنٹرولر اور دیگر افسران جبکہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مانیٹرنگ بہتر کرنی ہے تو نظام کو مضبوط کرنا ہوگا، باڈی کیمروں کی مدد سے بہت سی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہوگا۔
اجلاس میں مختلف زیر التوا کیسز پر فیصلے کیے گئے جبکہ صوبائی وزیر نے گزشتہ اجلاس میں جاری فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات تیار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، عطائیوں اور جعلی ادویات کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی زائد المعیاد، جعلی یا غیر معیاری دوا کسی بھی جگہ فروخت نہ ہونے پائے جبکہ ادویات ساز کمپنیوں میں کوالٹی کنٹرول قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ قواعد و ضوابط کا مؤثر نفاذ ہی جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام ممکن بنا سکتا ہے۔ کارروائیوں کی رپورٹ ڈریپ کے ساتھ مسلسل شیئر کی جائے۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ادویات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم اور ہماری ذمہ داری ہے۔










