لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس نے اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کے سلسلے میں مزید 18 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے علاج معالجے کے لیے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈز کے اجرا کی منظوری دی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مصروف عمل پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔ مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے تحت بھی ملازمین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی قدیر احمد کو اہلیہ کے علاج معالجے کے لیے اڑھائی لاکھ روپے، آفس سپرنٹنڈنٹ عابد حسین چیمہ کو بیوی کے علاج کے لیے 2 لاکھ 15 ہزار روپے جاری کیے گئے۔
سب انسپکٹر محمد اکمل، وائرلیس کانسٹیبل عابد حسین اور لیڈی کانسٹیبل فرزانہ کوثر کو علاج معالجے کے لیے 2، 2 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔
ڈی ایس پی رؤف احمد اور مرحوم کانسٹیبل عبدالغفور کی بیوہ کو علاج معالجے کے لیے ایک، ایک لاکھ روپے جبکہ کانسٹیبلز مظہر عباس اور محمد سہیل کو بھی علاج معالجے کی مد میں ایک، ایک لاکھ روپے دیے گئے۔
ترجمان کے مطابق کانسٹیبلز فرحان ریاض، بلال عاصم اور شاہد احمد کو علاج معالجے کی مد میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 67 ہزار روپے جبکہ جونیئر کمپیوٹر آپریٹر محمد سہیل اور ڈیٹا انٹری آپریٹر حسن اقبال کو مجموعی طور پر 95 ہزار روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔











