شیخوپورہ (پنجاب پوسٹ) شرقپور شریف میں بہترین صفائی ستھرائی کے انتظامات کرنے والے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدائت پر ستھرا پنجاب ورکرز میں فی کس دس ہزار روپے کے انعامی چیکس تقسیم کیے گئے ہیں۔
شرقپور شریف کے نور محل شادی ہال میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہترین صفائی کے انتظامات اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ورکرز میں فی کس دس ہزار روپے کے انعامی چیکس تقسیم کیے گئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما میاں عمران علی اشرف، حاجی حکیم سلیم اللہ، سابق کونسلر احمد خان اور ایل ڈبلیو ایم سی انچارج حافظ فیضان نے ورکرز میں انعامی چیکس تقسیم کیے مقررین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی اور عید کی چھٹیوں کے باوجود صفائی ورکرز نے دن رات محنت کرکے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ورکرز کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے تقریب میں ستھرا پنجاب کے ورکرز نے انعامی چیکس ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔









