بہاولپور (پنجاب پوسٹ) این اے 168 میں ضمنی انتخابات اتوار 27 ستمبر کو ہوں گے، حلقے کے 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز 20 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
حلقہ این اے 168 سٹی، کینٹ اور تحصیل صدر کے بیشتر علاقوں پر مشتمل ہے، جبکہ حلقے کی کل آبادی 9 لاکھ 37 ہزار 95 ہے۔ رجسٹرڈ ووٹرز میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین شامل ہیں۔
ضمنی انتخابات کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر عائشہ خان کے مطابق پرامن، صاف اور شفاف انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
2024 کے عام انتخابات میں این اے 168 سے مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد اقبال چنڑ ایک لاکھ 22 ہزار 302 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ ان کی وفات کے باعث قومی اسمبلی کی یہ نشست خالی ہوئی، جس پر اب ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔
ضمنی انتخاب میں 20 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ملک منیر اقبال چنڑ، مظلوم اوسلی تحریک کے شکیل قریشی اور 18 آزاد امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان مقابلے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کر رہی ہے۔









