ساہیوال (پنجاب پوسٹ) گول چکر کے قریب واقع نجی ہسپتال میں زچگی کے دوران مبینہ غفلت کے باعث 23 سالہ خاتون اور اس کا نومولود بچہ جاں بحق ہوگیا، لواحقین نے ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
لواحقین کے مطابق گاؤں 70 فور کی رہائشی 23 سالہ شمیم بی بی زچگی کے لیے نجی ہسپتال لائی گئی تھی، جہاں زچگی کے دوران شمیم بی بی اور اس کے نومولود بچے کی موت واقع ہوگئی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ شمیم بی بی پہلے سے دو سالہ بچے کی ماں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سرگودھا: کار سوار بگڑے امیر زادے نے 22 سالہ نوجوان کو کچل ڈالا
واقعے کے بعد لواحقین نے نجی ہسپتال کے باہر احتجاج کیا اور ہسپتال عملے پر مبینہ غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ لواحقین نے محکمہ صحت سے واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
اہلخانہ کے مطابق مذکورہ نجی ہسپتال میں اس سے قبل بھی مبینہ طور پر ایسے واقعات پیش آچکے ہیں، جس پر محکمہ صحت سے معاملے کا نوٹس لے کر تحقیقات کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔











