لاہور (پنجاب پوسٹ) عمران خان کے فرزند قاسم خان نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ” مجھے اپنے ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ ایسے کسی اجتماع کو اڈیالہ جیل پر کسی ‘جوابی کارروائی’ کے لیے جواز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، جہاں میرے والد زیرِ حراست ہیں۔ ایسی کسی بھی صورتِ حال میں ان کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔”
انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “اس لیے میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ احتیاط اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی کو بھی ایسا کوئی جواز یا موقع نہ دیں جس کے نتیجے میں کوئی ایسا واقعہ پیش آئے جو میرے والد کی جان کے لیے خطرہ بن جائے۔”
عمران خان کے صاحبزادے اس سے قبل مختلف بین الاقوامی میڈیا اداروں کو انٹرویو میں اپنے والد کی صحت سے متعلق خدشات اور تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت کا موقف ہے کہ سابق وزیراعظم کو علاج کی مکمل سہولیات میسر ہیں اور ان کا باقاعدہ چیک اپ کروایا جاتا ہے۔











