لاہور (پنجاب پوسٹ) ایوان صنعت و تجارت کے انتخابات میں ویژن الائنس نے 30 میں سے 28 سیٹیں جیت کر بھاری اکثریت سے میدان مار لیا۔ ویژن الائنس نے پی پی بی الائنس کو چاروں شانے چت کر دیا۔ ویژن الائنس اب لاہور چیمبر پر راج کرنے کے لیے تیار ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے انتخابات کے دونوں مراحل خوش اسلوبی سے مکمل ہو گئے۔ پہلے مرحلے میں ویژن الائنس نے 23 ستمبر کو کارپوریٹ کلاس کے انتخاب میں 15 میں سے 13 سیٹیں جیت لیں۔ دو سیٹیں پی پی بی اتحاد کو ملیں۔
دوسرا معرکہ ایسوسی ایٹ کلاس کا تھا جو 24 ستمبر کو منعقد ہوا۔ ویژن الائنس نے یہ معرکہ کلین سویپ کر کے جیت لیا اور اس معرکے میں ویژن الائنس نے ایسوسی ایٹ کلاس کی 15 کی 15 سیٹس جیت کر کلین سویپ کر دیا۔
دوسرے مرحلے میں ایسوسی ایٹ کلاس کے 19087 ووٹس میں سے 9728 ووٹس ڈالے گئے۔ ویژن الائنس کو 4523 پینل ووٹ ملے جبکہ ان کے مد مقابل پی پی بی اتحاد کو 3470 پینل ووٹس ملے۔ ویژن الائنس کو پینل ووٹ میں واضع برتری ملی جس کو پی پی بی اتحاد پورا نہ کر سکا۔
پی پی بی اتحاد کو 3470 پینل ووٹ ملے اور اس طرح ویژن الائنس کو 1053 ووٹ کی لیڈ مل گئی۔ 310 ووٹ منسوخ کیے گئے۔ یہ انتخابات دو برس کے لیے ہیں۔
پہلے سال ویژن الائنس کی اتحادی جماعت پی بی جی کے چیئرمین علی حسام اصغر لاہور چیمبر آف کامرس کے لیے صدر نامزد کیے گئے ہیں جبکہ دوسرے برس کے لیے ویژن الائنس کی اتحادی جماعت فاؤنڈر کے چیئرمین شیخ ابراہیم کو لاہور چیمبر کی صدارت کے لیے نامزد کر دیا گیا۔
سینیئر نائب صدر اور نائب صدر کا فیصلہ ایک دو روز میں کر لیا جائے گا۔










