لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر لاہور چیمبر آف کامرس پہنچے جہاں انہوں نے چیمبر آف کامرس کے انتخابی عمل میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ خواجہ عمران نذیر کا چیمبر آمد پر پرجوش نعروں سے استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وہ جمہوری اور نظریاتی آدمی ہیں اور جمہوری اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں گروپس کے حامیوں سے درخواست کی کہ الیکشن کے نتائج کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کیا جائے اور ایک دوسرے پر ذاتی حملوں کی بجائے مل جل کر برادری کی فلاح کے لیے کام کیا جائے۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی نے لاہور چیمبر آف کامرس میں دونوں گروپس کے اراکین اور عہدیداران سے ملاقات کی اور انتخابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت اور اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ تاجر اور صنعتکار برادری کی خدمات ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو سہولیات اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ کاروباری طبقے کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے حکومت اور کاروباری برادری کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور لاہور چیمبر آف کامرس ملکی کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے۔










