اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ چیف کمشنر اسلام آباد اور حکومتِ پنجاب کی درخواست پر کیا گیا، جس کے بعد وفاقی وزارتِ داخلہ نے رینجرز کو قانونی اختیارات کے تحت مکمل معاونت فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
وزارتِ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق رینجرز کی بھرپور تعیناتی پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی دفعات 7(b) اور 10، جبکہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعات 4 اور 5 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں واضح ہدایت دی گئی ہے کہ انتشاری اور مسلح جتھوں کے حملوں کی صورت میں رینجرز اور پولیس اپنے دفاع کے لیے ہر مناسب اور ضروری جوابی کارروائی کریں۔
وزارتِ داخلہ نے رینجرز اور پولیس کو کسی بھی پرتشدد سرگرمی یا خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ تعینات رینجرز اہلکار امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی معاونت کے لیے تمام ضروری ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔خیال رہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیش نظر پنجاب حکومت نے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی سمیت مختلف اضلاع میں رینجرز اور فوج کی خدمات طلب کی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ان اضلاع میں رینجرز کے دستے 5 اکتوبر 2026 تک تعینات رہیں گے۔










