لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ میں آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 27 ستمبر کو تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے پولیس کا مؤقف بالکل واضح ہے، جو بھی غیر قانونی حرکت کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ قانون کے مطابق اجازت لے کر احتجاج کیا جا سکتا ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ جلسے کے لیے انتظامیہ سے اجازت درکار ہوتی ہے، کیا احتجاج کے لیے بھی اجازت ضروری ہے؟ اس پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ چاہے کوئی جلسہ کرے یا احتجاج، اجازت لینا ہوتی ہے، کیونکہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات کرنا ہوتے ہیں۔
جماعت اسلامی کے دھرنے کے حوالے سے صحافی کے سوال پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ کسی سے بھی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا، ہر کوئی قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کر سکتا ہے۔
لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے جانے کی اطلاعات کے بارے میں سوال پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ جو پولیس اہلکار غیر قانونی چھاپہ مارے گا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کا اپنا ادارہ جاتی احتسابی عمل موجود ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور اس کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔










