گورنمنٹ سائنس کالج لاہور میں نیشنل محسنِ انسانیت سیرت کوئز کمپٹیشن، ناظمِ اعلیٰ جمعیت طلبہ کا خطاب

لاہور(پنجاب پوسٹ)ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ قرآن و سنت کی بنیاد پر معاشرے کو جوڑنا چاہتی ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ جمعیت کا دست و بازو بنیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت کا نصب العین کسی شخصیت، لسانیت یا علاقے کی بنیاد پر نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ہے، اور اسی نصب العین کے تحت اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی زندگی کی تعمیر اور کردار سازی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سائنس کالج لاہور میں منعقدہ نیشنل محسنِ انسانیت سیرت کوئز کمپٹیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوزر غفاری، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل حسن امین، ناظمِ صوبہ پنجاب جنوبی حذیفہ عثمان، ناظمِ لاہور عبداللہ عباس، معتمدِ لاہور سیف الاسلام اور ناظمِ گورنمنٹ سائنس کالج محمد بلال ساجد نے بھی خطاب کیا۔

صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ اور رول ماڈل ہے، اور اسلامی جمعیت طلبہ نے فیصلہ کیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو سیرت النبی ﷺ کے پیغام سے جوڑنے کے لیے ملک گیر سیرت کوئز کمپٹیشن کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعیت کے کارکنان نے اس سلسلے میں ملک گیر مہم چلائی اور سیرت النبی ﷺ کا پیغام ہر گھر اور تعلیمی ادارے تک پہنچایا۔ ناظمِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ جمعیت نے ماضی میں تحریکِ ختمِ نبوت میں بھی اہم کردار ادا کیا، اور پاکستان کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کی بھرپور قوت کے نتیجے میں یہ تحریک اپنے مقصد تک پہنچی۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو سیکھیں اور اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق گزاریں، اور نوجوان نسل کو سیرت النبی ﷺ سے جوڑ کر ہی ایک باکردار اور ذمہ دار معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیرت کوئز کا مقصد نبی کریم ﷺ کی زندگی کو سیکھنا، سمجھنا اور اس کے مطابق اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو ڈھالنا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے