سرگودھا (پنجاب پوسٹ) تعلیمی بورڈ سرگودھا نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ پنجاب کالج فار ویمن بھلوال کی انیکہ صفدر نے 1162 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سپیریئر کالج آف کامرس فار بوائز کوٹ مومن کے کاظم رضا نے 1159 نمبر کے ساتھ دوسری اور سپیریئر کالج فار ویمن بھکر کی محراب فراز نے 1156 نمبر کے ساتھ مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پری میڈیکل بوائز گروپ میں محمد حسنین اور محمد ساجد نے 1153، 1153 نمبر کے ساتھ مشترکہ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ پری میڈیکل گرلز گروپ میں محراب فراز نے 1156 نمبر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور بورڈ انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان ،لڑکیاں پھر بازی لے گئیں
پری انجینئرنگ بوائز گروپ میں راؤ محمد عبداللہ ساجد نے 1139 نمبر، پری انجینئرنگ گرلز گروپ میں خدیجہ سعید رانا نے 1142 نمبر، جنرل سائنس بوائز گروپ میں محمد احسن نوید نے 1135 نمبر اور جنرل سائنس گرلز گروپ میں انیکہ صفدر نے 1162 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ہیومینیٹیز اینڈ اسلامک اسٹڈیز بوائز گروپ میں کاظم رضا نے 1159 نمبر جبکہ گرلز گروپ میں زینب ریاض نے 1137 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ سرگودھا حیدر عباس گوندل نے انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نتائج کی تیاری میں شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا گیا۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کی محنت اور تعلیمی اداروں کی کاوشوں کا ثمر ہے۔











