ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) رفاہ انٹرنیشنل کالج ننکانہ صاحب کے پہلے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں گریجوایشن مکمل کرنے والے ایک سو سے زائد طلباء وطالبات کو ڈگریاں دی گئیں، گریجوایشن مکمل کرنے والے طلباء وطالبات کا خوشی کا اظہار
کانووکیشن کی پروقار تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی مہر کاشف رنگ الہیٰ پڈھیار، سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی شفقت محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر طاہرہ بتول، چیئرمین پنجابی سکھ سنگت پاکستان سردار گوپال سنگھ چاولہ، یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ، سیاسی وسماجی شخصیات، والدین اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر تعلیم رانا سکندر حیات ہفتہ وار کلاس لینے گورنمنٹ ہائی سکول لدھر پہنچ گئے
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے اور تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کریں تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
کالج کے ڈائریکٹر حافظ محمد محسن نے کالج کے ننکانہ کیمپس کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بتایا جسے حاضرین نے بہت سراہا، کانووکیشن کے دوران مختلف شعبہ جات میں گریجوایشن مکمل کرنے والے یونیورسٹی کے ایک سو سے زائد طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں، ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اللہ تعالیٰ کی رحمت، والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ قرار دیا، یونیورسٹی کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے












