لاہور (پنجاب پوسٹ) قصور کوٹ رادھا کشن معصوم احمد مسعود زیادتی و قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ قصور کی عدالت نے کوٹ رادھا کشن کے معصوم احمد مسعود زیادتی و قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ سیشن جج مزمل سپرا نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم اللہ دتہ کو دو مرتبہ سزائے موت، عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی۔
قصور عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم اللہ دتہ کو معصوم احمد مسعود کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمے میں سخت سزائیں سنائی گئی ہیں۔ عدالت نے مقدمے کے ریکارڈ اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد مدعی مقدمہ جاوید اختر بھلر نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور شہر، 8 ماہ میں خواتین اور بچوں کیساتھ جنسی درندگی کے 1ہزار 107 واقعات رپورٹ
جاوید اختر بھلر کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے انصاف کے منتظر تھے اور عدالتی فیصلہ ان کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ آنے پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا ہے۔ مدعی مقدمہ نے سیشن جج مزمل سپرا کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدالت اور قانون کے مطابق ہونے والے فیصلے سے وہ مطمئن ہیں اور ان کے مطابق اس فیصلے سے عدلیہ کا وقار بلند ہوا ہے۔











