حافظ آباد (پنجاب پوسٹ) حافظ آباد میں آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے ضلع کا دورہ کیا، نئے تعمیر شدہ ایس پی انویسٹی گیشن آفس اور ایس ڈی پی او آفس پنڈی بھٹیاں کا افتتاح کیا۔ آر پی او نے مختلف تھانوں اور پولیس دفاتر کی انسپکشن کے ساتھ تھانہ ونیکے تارڑ میں کھلی کچہری بھی لگائی اور شہریوں کے مسائل سنے۔
بعد ازاں تقریب حوالگی مالِ مسروقہ میں 5 کروڑ 41 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا برآمد شدہ مال 188 اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیف سٹی ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم کی بڑی کامیابی، 9 سال بعد تہمینہ والدین سے مل گئی
آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے ڈی پی او حافظ آباد فواد احمد کے ہمراہ تقریب میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد نقدی، طلائی زیورات، 29 موٹر سائیکلیں، 45 موبائل فونز، زرعی مشینری، 51 مال مویشی اور دیگر قیمتی اشیاء مالکان کے حوالے کیں۔
پولیس کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران منظم جرائم کے خلاف کارروائیوں میں 20 بدنام زمانہ ڈکیت گینگز کے کارندوں سمیت 221 چوروں اور ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا۔ آر پی او کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جوئے کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن، پولیس پارٹی پر حملہ کرنے والے 3 ملزمان گرفتار












