شیخوپورہ(پنجاب پوسٹ)میں شعبہ دعوت اصلاح پاکستان کے زیرِ اہتمام دفاع حرمین شریفین کارواں نکالا گیا، جو مرکز خالد بن ولید سے شروع ہو کر چوک جناح پارک پہنچا، جہاں کارواں نے بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرلی۔ کارواں میں شریک افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حرمین شریفین کے تقدس و حرمت کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے۔
کارواں میں مرکزی رہنماؤں حافظ طلحہ سعید، میاں حبیب الرحمن، شہزاد ورک، وقار مرتضیٰ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے حرمین شریفین کے تقدس اور حرمت کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد، پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اجتماع کے اختتام پر ملک و قوم اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں؛سیالکوٹ: حرمین شریفین کی حرمت کے دفاع کے لیے مرکزی مسلم لیگ کا احتجاجی مظاہرہ
کارواں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طلحہ سعید نے کہا کہ حرمین شریفین مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں اور ان کے دفاع و حرمت کے تحفظ کے لیے پوری امت مسلمہ کو متحد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے پرامن اور آئینی طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو باہمی اتحاد، اخوت اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، جبکہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھی حرمین شریفین کے تحفظ اور سلامتی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔









