لاہور(پنجاب پوسٹ)ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندہ سرکاری اور نیم سرکاری گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا ہے۔ اچھرہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک سرکاری گاڑی پکڑی گئی جس کے ذمہ ایک لاکھ 31 ہزار 515 روپے مالیت کے ای چالان واجب الادا تھے۔
پٹرولنگ آفیسر قیصر کمال نے گاڑی کے ای چالان چیک کیے تو مجموعی طور پر 22 چالان سامنے آئے، جن میں ڈرائیور کی جانب سے 22 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جرمانے کی رقم ادا کیے جانے کے بعد گاڑی کو چھوڑ دیا گیا، جبکہ ای چالان نادہندہ سرکاری محکموں کو کلیئرنس کے لیے مراسلے بھی ارسال کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شاہدرہ ٹاؤن پولیس کی کاروائی دو رکنی متحرک ڈکیت و موٹر سائیکل چور گینگ گرفتار
لاہور میں اے این پی آر کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر مسلسل ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔ ٹریفک حکام نے شہریوں کو ای چالان سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔









